Contact Us                                      ھم سے رابطہ کجیئے        

حرمت نظر کی پانچ وجوہ :

پہلی وجہ :

اللہ تعالی اور اس کے رسول  کا کوئی حکم سمجھ میں آئے یا نہ آئے اور اس کی حکمت معلوم ہوسکے یا نہ ہو سکے بہر حال بندہ پر  بلاچون وچرا اس کی تعمیل فرض ہے، اللہ تعالی اور اس کے رسول  نے غیر محرم عورت کو دیکھنے سے سختی سے منع فرمایا ہے ۔

اللہ تعالی کا ارشاد ہے :

قل للمؤمنین یغضوا من ابصرھم ویحفظوا فروجھم ،

 اس کے بعد عورتوں کو مستقل خطاب ہے :

 وقل للمؤمنت یغضضن من ابصرھن ویحفظن فروجھن ،

اس آیت پر مفصل بیان ہو چکا ہے، اب رسول کے ارشادات سنئے ، اس مضمون کی حدیثیں بہت زیادہ ہیں ، صرف چند حدیثیں بیان کرتا ہوں :

( 1 ) نظر شیطان کا زہریلا تیر ہے ، جس کی کسی غیر محرم پر نظر پڑی اور اس نے اپنے اللہ کے خوف سے فورا نظر ہٹالی اللہ تعالی اس کے دل میں ایمان کی حلاوت پیدا فرماتے ہیں (رواہ الطبرانی والحاکم وقال صحیح الاسناد ) 

( 2 ) جس نے غیر محرم سے نظر پھیر لی اس پر انعام کے طور پر اللہ تعالی اس کو ایسی عبادت سے نوازتے ہیں جس کی حلاوت اس کے قلب میں محسوس ہوتی ہے ۔ (رواہ احمد والطبرانی ) 

حضرت فقہاء رحمہم اللہ تعالی فرماتے ہیں :

''عورت کے مزین لباس کو دیکھنا منع ہے، اس لئے کہ اس سے قلب میں شہوت پیدا ہوتی ہے ۔''

شیطان کا اثر انسان کے تین اعضاء پر بالترتیب ہوتا ہے ، آنکھ ، دل ، شرمگاہ یعنی نظر سے دل میں شہوت پیدا ہوتی ہے اور وہ بد کاری تک پہنچاتی ہے ۔ 

( 3 ) بد نظری آنکھ کا زنا ہے ( رواہ البخاری و مسلم ) 

بروز قیامت ہر آنکھ روئے گی مگر جو بد نظری سے بچی ، اور اللہ کی راہ میں جاگی ، اور جس سے اللہ تعالی کے خوف سے مکھی کے سر کے برابر آنسو نکلا  (رواہ الاصبہانی بحوالہ الترغیب والترغیب )

( 5 ) تم چھ چیزوں کی پابندی کرو تو میں تمہارے لئے جنت کا ضامن ہوں :

( 1) جھوٹ نہ بولو (2 )امانت میں خیانت نہ کرو ( 3 )وعدہ خلافی نہ کرو ( 4 ) آنکھوں کی حفاظت کرو ( 5 ) ناجائز کاموں سے ہاتھ کو روکو ( 6 ) اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرو ( رواہ احمد وابن حبان فی صحیحہ ) 

( 6 ) ایک شخص چلتے چلتے کسی عورت کو دیکھ رہا تھا ، سامنے دیوار سے ٹکر لگی ، ناک ٹوٹ گئی ، اس نے کہا : اللہ کی قسم ! میں اس وقت تک خون نہیں دھوؤں گا جب تک رسول  کو اپنا قصہ نہیں  بتا لیتا ، اس نے حاضر خدمت ہو کر اپنا قصہ بتایا تو رسول نے فرمایا کہ یہ تیرے گناہ کی سزا ہے (درمنثور ، روح المعانی )  

 ( 7 ) ایک بار امہات المؤمنین رضی اللہ تعالی عنہن میں سے حضرت ام سلمہ اور حضرت میمونہ رضی اللہ تعالی عنہما رسول کی خدمت میں حاضر تھیں ، اچانک حضرت عبداللہ بن ام مکتوم رضی اللہ تعالی عنہ حاضر خدمت ہوئے ، رسول نے ان دونوں کو پردہ کا حکم فرمایا ، حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہما نے عرض کیا کہ یہ تو نابینا ہیں ہمیں نہیں دیکھ رہے ، رسول  نے فرمایا ، کیا تم دونوں بھی نابینا ہو ، کیا تم انہیں نہیں دیکھ رہیں ؟ ( رواہ الترمذی وابو داود )   

یہ نفوس مقدسہ جن کے تقدس کی شہادت اللہ تعالی نے قرآن کریم میں دی ہے ان کو پردہ کا حکم دیا جا رہا ہے ۔

دوسری وجہ :

جس طرح ہاتھ ، پاؤں ، زبان ، کان وغیرہ ظاہری اعضاء کے گناہ ہیں اسی طرح دل کے بھی بہت سے گناہ ہیں ، مثلاً کبر ، عجب ، ریاء وغیرہ اسی طرح غیر محرم عورت کو دیکھے بغیر صرف اس کے تصور سے لذت حاصل کرنا دل کا گناہ ہے، اور دیکھنے میں آنکھ اور دل دونوں کا گناہ ہے ۔

تیسری وجہ :

جو کام کسی دوسرے حرام کام کا ذریعہ بن سکتا ہو وہ حرام ہے ، نظر سے شہوت پیدا ہوتی ہے جو بدکاری تک پہنچاتی ہے ، بسا اوقات درجہ عشق تک پہنچ جاتی ہے جس سے آخرت کی بربادی کے علاوہ دنیا کی بربادی کے بھی بے شمار واقعات کا مشاہدہ ہو رہا ہے، قرآن کریم کی آیت اور حدیثیں جو میں نے پڑھی ہیں ان میں بھی یہی حقیقت بیان کی گئی ہے کہ غیر محرم کو دیکھنے سے بدکاری پیدا ہوتی ہے ۔  

چوتھی وجہ :

عقلی لحاظ سے بھی یہ قاعدہ عین معقول اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے کہ جرم تک پہنچے کا ذریعہ بھی جرم ہے ، چنانچہ حفاظت مال کے لئے اس کو غیروں سے بچایا جاتا ہے ، صرف غیر کی نظر ہی سے نہیں بلکہ انتہائی کوشش یہ ہوتی ہے کہ کسی کو کسی قسم کا علم تک بھی نہ ہو ، جب مال کی حفاظت کے لئے اس کو غیر کی نظر سے بلکہ غیر کے علم سے بھی بچانا ضروری سمجھا جاتا ہے تو عزت اور دین کی حفاظت کے لئے یہ کیوں ضروری نہیں ؟ غیر کی نظر سے جس قدر مال کی حفاظت ضروری ہے اس سے کئی گنا زیادہ نظر غیر سے عورت کی حفاظت ضروری ہے ، جس کی چند وجوہ ہیں :

( 1 ) عزت اور دین کی حفاظت مال کی حفاظت سے بدر جہا  زیادہ ضروری ہے ۔

( 2 ) مال کو چور لے گیا اور پھر واپس مل گیا تو اس میں کوئی نقص نہیں آیا ، مگر عورت کو کوئی لے اڑا تو کیا واپسی کے بعد اس کا عیب جاتا رہا ؟

( 3 ) مال میں خود اڑنے کی صلاحیت نہیں ، اس پر کسی کی نظر پڑ جائے تو اپنے اختیار سے خود بھاگ کر اس کے پاس نہیں جا سکتا ، مگر عورت بسا اوقات نظر کے اثر سے خود ہی اڑ جاتی ہے ۔

پانچویں وجہ :

شریعت نے ہر ایسی چیز کو حرام قرار دیا ہے جو صحت کے لئے مضر ہو ، غیر محرم کی طرف دیکھنے سے صحت تباہ ہو جاتی ہے ، دل دماغ ، اور اعصاب پر بہت برا اثر پڑتا ہے ، مالیخولیا اور جنون تک کے واقعات کا مشاہدہ ہے ، مردوں میں جریان منی ، سرعت انزال ، نامردی اور عورتوں میں سیلان رحم (لیکوریا ) اور بانجھ پن جیسے موذی امراض اسی بے پردگی اور بد نظری کے نتیجہ میں پیدا ہوتے ہیں ۔

NEXT  BACK  HOME

MOBILE

0321-9743296

0334-8930641

E-MAIL

aminshah63@yahoo.com

aminshah@aminshah.itgo.com

WebSite

http://www.aminshah.itgo.com

N.W.F.P PAKISTAN